پاکستان روس مشترکہ ملٹری مشاورتی کمیٹی کا اجلاس جاری، فیصلوں پر موثر عملدرآمد پر اتفاق

Aug 21, 2019

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان، روس مشترکہ ملٹری مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کا دوسرا رائونڈ 19 اگست 2019 کو روس کے شہر ماسکو میں منعقد ہوا۔ سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) اکرام الحق نے وفد کی نمائندگی کی جبکہ روس کی جانب کرنل جنرل الیگزینڈر وی فومن نے نمائندگی کی۔ اجلاس سے قبل دونوں سربراہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور بڑے بین الاقوامی امور پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ دونوں فریقین نے خطے میں علاقائی سلامتی پر بات چیت کے علاوہ باہمی تعاون کے شعبوں کی تلاش اور نشاندہی بشمول فوجی تربیت، مشرکہ مشقیں، انٹیلی جینس اور صنعتی دفاعی تعاون کے امور پرتبادلہ خیال کیا ۔ دونوں جانب سے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر موثر انداز میں عمل درآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ ملٹری مشاورتی کمیٹی باہمی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کریگی اور 2020 میں کمیٹی کے تیسرے دور کے پاکستان میں انعقاد پر رضا مندی ظاہر کی گئی ۔

مزیدخبریں