بھارت جمہوری ملک کی ساکھ کھو چکا‘ اس کا شہری ہونے پر فخر نہیں: امرتا سین

نئی دلی(این این آئی)بھارت کے نوبل انعام یافتہ ماہر اقتصادیات اور فلاسفرڈاکٹر امرتا سین نے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بھارتی شہری ہونے پر کوئی فخر نہیں کیونکہ کشمیر کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدام سے بھارت ایک جمہوری ملک ہونے کی ساکھ کھو چکا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹر امرتا سین نے نئی دہلی میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہاکہ مجھے نہیں لگتا کہ جمہوری عمل کو اختیارکئے بغیر مسئلہ کشمیرکا کوئی حل نکل سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک بھارتی شہری ہونے کے ناطے مجھے کوئی فخر نہیں کیونکہ بھارت پہلا غیر مغربی ملک تھا جس نے جمہوریت کو اپنایاتھااور اس عمل سے ہم وہ ساکھ کھو چکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارت کے لوگوں کو جموںوکشمیر میں زمین خریدنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کشمیری عوام پر چھوڑ دینا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر کشمیریوں کانکتہ نظر جائز ہے کیونکہ یہ ان کی سرزمین ہے۔ انہوں نے کشمیری سیاسی قیادت کو گرفتارکرنے کی مذمت کی۔

ای پیپر دی نیشن