لاہور (خصوصی نامہ نگار)قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم مختلف شعبہ جات کے ایکسپرٹس پاکستانیوں کی وطن عزیز کو بڑی ضرورت ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ،ڈاکٹرز، انجینئرز ،سکالرز اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں، ہر پاکستانی شہری پر پہلا حق اس کے اپنے وطن اور اس کے عوام کا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز گلاسکو میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے فارغ التحصیل سکالرز (منہاجینز)جو برطانیہ اور یورپ کے مختلف ممالک میں پیشہ وارانہ خدمات انجام دے رہے ہیں سے خصوصی ملاقات کے موقع پر کیا، اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ امت محمدیؐ اس اعتبار سے بلند تر مقام والی امت ہے کہ اس امت کے ذمہ انبیاء والا کام سونپا گیا ہے،امت محمدیؐکا ہر فرد قرآن کا سفیر ہے اور قرآن کے امن و محبت اور رواداری پر مبنی آفاقی پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ دریں اثناء قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تالیف کردہ قرآنک انسائیکلو پیڈیا کے انگریزی ورژن کی برطانیہ اور یورپ میں بے حد پذیرائی پر’’ایمازون‘‘ نے دنیا بھر میں اپنے آن لائن کسٹمرز کیلئے اسے فروخت کیلئے پیش کیا ہے۔