اسلام آباد (نا مہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپو ر جیل میں اے کلاس دینے کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ تاہم ملزموں کو جیل میںذاتی خرچ پر اضافی سہولیات فراہم کرنے اور وکلا و اہل خانہ سے ملاقاتوں کی درخواستیں بھی منظور کرلی گئی ہیں۔ جبکہ فریال تالپور کے راہداری ریمانڈ کے لیے آئی جی جیل خانہ جات کے فورم سے رابطہ کر نے کی ہدایت کی گئی ہے، عدالت نے آصف علی زرداری اور فریال تالپو رسے ان کے وکلاء اور اہلخانہ کو ہفتے میں دو بار ملاقات کی بھی اجازت دے دی ہے، نیب پراسیکیوٹرسر دار مظفر نے کہا کہ جیل میں اے اور بی کلاس کا رول ختم کر دیا گیا، اب بہتر سہولت بیٹر (بہتر) کلاس ہے، کھوسہ صاحب کہتے ہیں ہم حکومت سے بھیک نہیں مانگیں گے لیکن انہیں متعلقہ فورم پر آئی جی پرزنز کو درخواست دینی پڑے گی۔ جیل کی سہولیات کا اس عدالت سے تعلق نہیں، یہ درخواست قابل سماعت نہیں عدالتی فیصلے کے تحت ملزمان کو اب اپنے خرچ پر جیل میں اے سی، فریج، ٹی وی، ریڈیو، آئی پیڈ، ککر، ٹوسٹر، ٹارچ، استری اور اٹینڈنٹ رکھنے کی اجازت ہوگی۔