لاہور(چودھری اشرف) فیفا کی جانب سے پاکستان میں فٹبال کے معاملات کے حل کیلئے آئے وفد نے نارملائزیشن کمیٹی قائم کرنے کیلئے کمیٹی کے متوقع ممبران کے انٹرویو مکمل کر لیے ہیں۔ نارملائزیشن کمیٹی مئی 2020ء تک پاکستان فٹبال فیڈریشن کا انتخابی عمل مکمل کرنے کیلئے خود مختار ہوگی۔ پاکستان کا دورہ کرنے والے فیفا کا دو رکنی وفد 19 اگست کو واپس روانہ ہو گیا ہے۔ فیفا وفد نے اپنے دورہ پاکستان میں فیصل صالح حیات اور اشفاق حسین گروپ کی جانب سے پانچ پانچ نام انٹرویو کیلئے دیئے تھے جن میں سے دونوں طرف سے دو دو ارکان کو کمیٹی میں شامل کیا جائیگا جبکہ کمیٹی کے سربراہ کی تقرری فیفا کی جانب سے کی جائے گی۔ فیفا کی جانب سے نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان ستمبر کے دوسرے ہفتے تک متوقع ہے۔ فیفا کی جانب سے اعلان ہونے والی نارملائزیشن کمیٹی کو لاہور میں واقع فیفا ہاوس اور اکاونٹس کا تمام اختیار کمیٹی کو دینا ہوگا۔ نارملائزیشن کمیٹی کو اخیتار ہو گا کہ وہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن کے تمام مراحل کو نو ماہ میں مکمل کریگا جس کے تحت مئی 2020ء میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نئے عہدیداران کا اعلان کیا جائیگا جبکہ مارچ 2020ء تک فیفا کی جانب سے پہلے ہی فیصل صالح حیات کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کا صدر تسلیم کر رکھا ہے جبکہ دوسری جانب سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں ہونیوالے فٹبال الیکشن میں فیفا کی منظور شدہ پی ایف ایف کی متوازی پاکستان فٹبال فیڈریشن کا قیام وجود میں آ گیا تھا جس کے سربراہ اشفاق حسین ہیں۔ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں فیفا کی منظور شدہ باڈی پی ایف ایف نے لاہور میں واقع فیفا ہاوس اور تمام اکاونٹس متوازی تنظیم کو دیدیئے تھے۔ امکان ہے کہ فیفا کی جانب سے بنائی جانے والی نارملائزیشن کمیٹی فیفا ہاوس اور اکاونٹس کے معاملات کو اس وقت تک خود دیکھے گی جب تک پی ایف ایف الیکشن کا مرحلہ مکمل نہیں ہو جاتا۔