کراچی (وقائع نگار)محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں گذشتہ 8 ماہ کے دوران 1239 ڈینگی بخار کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ،ان میں سے صرف 6 مریض جانبر نہ ہو سکے ۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو بھیجی گئی ایک رپورٹ سیکریٹری صحت سعید اعوان نے بتایا کہ 20 جنوری تا 20 اگست تک1239 ڈینگی بخار کے کیسز صوبہ بھر میں رجسٹر ہوئے ہیں اور ان میں سے صرف 6 اموات رپورٹ ہوئی ہیں ۔ محکمہ صحت نے رپورٹ میں ضلع کے حساب سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ان میں 167 ضلع وسطی،147 ضلع شرقی،141 ضلع جنوبی اور 155 ضلع غربی ، 69 ملیر اور 52 کورنگی میں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔حیدرآباد میں 14 ، ٹنڈو الہیار میں 2، مٹیاری میں 2، بدین میں ایک کیس،ٹھٹھہ میں ایک ، جام شورو میں 2، دادو میں ایک، میرپورخاص میں 4، تھرپارکر میں ایک ، سانگھڑ میں ایک ، لاڑکانہ میں 6، قمبر۔شہداد کوٹ میں 2، شکارپور میں 2، جیکب آباد میں 3، کشمور میں 4، سکھر میں 2، شہید بے نظیر آباد میں 3، گھوٹکی میں 4، خیر پور میں 4،نوشہروفیروز میں ایک،غیر متعینہ اضلاع میں 464 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ رپورٹ میں بتایاگیاکہ صرف اگست میں 207 کیسز رپورٹ ہوئے ۔رپورٹ میں یہ بھی بتایاگیا کہ 1239 ڈینگی بخار کے کیسز میں صرف شہر میں 6 اموات ہوئی ہیں جن میں ایک ملیر میں ، ایک ضلع غربی، 2 کورنگی میں ، ایک ضلع جنوبی اور ایک شرقی میں ہوئی ہے۔وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی پروگرام کے ذریعے ایک آگاہی مہم شروع کرے تاکہ لوگ حفاظتی اقدامات کرسکیں ۔مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات کو بھی ہدایت کی کہ وہ لوکل باڈیز کے ذریعے صوبہ بھر میں فیومیگیشن شروع کرے۔
صوبے میں پچھلے 8 ماہ کے دوران 1239 ڈینگی بخار کے کسیز رپورٹ
Aug 21, 2019