مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں بارہمولہ قصبے میںایک اورکشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نوجوان کو جس کی شناخت مومن احمد گوجری کے طورپر ہوئی ہے ، بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور سپیشل آپریشن گروپ نے قصبے کے علاقے کوکر حمام میں ایک مشترکہ کارروائی کے دوران شہید کیا۔ علاقے میں منگل کی شام کو شروع ہونے والا آپریشن آخری اطلاعات آنے تک جاری تھا۔ دریں اثناءبارہمولہ قصبے میں ہی ایک حملے کے دوران بھارتی پولیس کا ایک افسر ہلاک اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا ہے۔بھارتی فوجیوں نے پلوامہ میں بھی اسی طرح کی کارروائی شروع کی جہاں نوجوانوںنے گھروں سے باہر نکل کر شدید احتجاج کیا اور بھارتی فورسز نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد فورسز اہلکاروں اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ ایک اور واقعے میں پولیس نے بھارتی شہر چندیگڑھ میں ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے تین کشمیری نوجوانوں کو گرفتارکرلیاہے۔
مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں بھارتی فوجیوں نے کشمیری نوجوان شہید کردیا
Aug 21, 2019 | 12:51