راولپنڈی(جنرل رپورٹر)راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ’’الگ بنو الگ کرو‘‘ کے سلوگن سے سیٹلائٹ ٹائون کے A بلاک میں چار سو گھروں میں ویسٹ بیگز تقسیم کرتے ہوئے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا ہے ،جو تین ماہ تک جاری رہے گا۔ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اویس منظور تارڑنے گزشتہ روزسیٹلائٹ ٹائون کےA بلاک کے متعددگھروں میں مختلف رنگوں کے ویسٹ بیگز تقسیم کرتے ہوئے ’’الگ بنو الگ کرو‘‘پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا ہے،Aبلاک کے چار سو گھروں میں چار مختلف رنگوں کے ویسٹ بیگز تقسیم کئے گئے ہیں جن میں کچن ویسٹ کے لئے گرین ویسٹ بیگ،میٹل اور لوہے کے لئے سُرخ ویسٹ بیگ،کاغذ اور ٹیٹرا پیک وغیرہ کے لئے نیلے رنگ کا ویسٹ بیگ جبکہ پلاسٹک اور شیشے کے لئے پیلے رنگ کے ویسٹ بیگز تقسیم کئے گئے ہیں۔
اس موقع پر ایم ڈی آر ڈبلیو ایم سی نے A بلاک کے رہائشیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرین ویسٹ بیگز جن میں کچن ویسٹ ہوگا انہیں سینٹری ورکرز روزانہ کی بنیاد پر اٹھایا کریں گے جبکہ نیلے،پیلے اور سُرخ رنگ کے بیگز سوموار اور جمعرات کو سینٹری ورکرز گھروں سے اٹھائیں گے جن سے ویسٹ نکال کر ویسٹ بیگز رہائشیوں کو واپس کر دئیے جائیں گے جو دوبارہ قابل استعمال ہوں گے،یہ پائلٹ پراجیکٹ 3 ماہ کی آزمائشی بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے ،جس میں عوام کا تعاون ناگزیر ہے ۔