لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے لاہور اور دیگر شہروں میں بارش کے بعد پانی کھڑا ہونے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی اور جلد ازجلد نکاسی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی-عثمان بزدار نے ا سلام آباد سے انتظامیہ اورواسا حکام سے رابطہ کیا اور انہیں فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واسا حکام او رمتعلقہ انتظامیہ بارش کے پانی کے نکاس کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کارلائے اوراس عمل میں کسی قسم کا تساہل یا کوتاہی قابل برداشت نہیں،شہریو ں کو بارش کے پانی کی وجہ سے کسی قسم کی دشواری یا مشکل کاسامنا قابل برداشت نہیں -وزیراعلیٰ نے کہاکہ لاہور سمیت تمام بڑے شہروں میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں - واسا،انتظامیہ اورٹریفک حکام کو بارش کے دوران دفاتر کی بجائے فیلڈ میں موجود ہونا چاہیے-بارشیں متوقع تھیں اس کے باوجود پیشگی انتظامات کیوں نہیں کئے گئے اور بارش ختم ہونے کے بعد کئی گھنٹوں پانی کیوں کھڑا رہا-واسا حکام مرکزی سڑکوں کے ساتھ ساتھ رابطہ سڑکوں پر موجود پانی کے نکاس پر بھی خصوصی توجہ دیں -پانی کھڑا ہونے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں- غفلت کی ہر گز گنجائش نہیں -دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب بھر میں بارشوں کے دوران چھتیں، دیواریں گرنے اوردیگر واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیاہے- عثمان بزدارنے اسلام آبادمیں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اورملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، عمومی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیئرمین سینیٹ کو ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیااوردوسالہ کارکردگی کے متعلق بھی بتایا -وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کو ترقی کی راہ پر لے جانا چاہتے ہیں،رکاوٹیں دور کریں گے-پہلی مرتبہ یکساں ترقی کے ویژن کے مطابق حقیقی ڈویلپمنٹ کا آغاز ہواہے-پنجاب دوسرے صوبوں سے ہر سطح پر تعاون کررہاہے-عثمان بزدار نے بزرگوں کے عالمی دن پر خصوصی پیغام میں کہاہے کہ بزرگ شہری اپنے خاندان ہی نہیں بلکہ پورے معاشرے کا اثاثہ ہوتے ہیں -بڑوں کی عزت اور احترام ہماری سرشت میں شامل ہے-خاتم النبین حضرت محمدؐ نے بھی بزرگوں کے احترام اور خدمت کاحکم دیا -