نااہلی کیس،وفاقی وزیرفیصل واؤڈا کودوبارہ نوٹس جاری،17 ستمبر تک جواب طلب 

 اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کی نااہلی کیلئے دائردرخواست پر فریقین کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔گذشتہ روز میاں فیصل ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کے دوران پٹیشنر میاں فیصل ایڈووکیٹ کی جانب سے بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کی جانب سے کوئی وکیل عدالت میں پیش نہ ہوا،بیرسٹر جہانگیرجدون نے کہاکہ7 ماہ گزرنے کے باوجود فیصل واڈا کی جانب جواب جمع نہیں کرایا جا سکا،جس پر عدالت نے کہاکہ کیااخبار میں اشتہار جاری کر دیں؟ جس پر درخواست گزار وکیل نے کہاکہ یہ لوگ آئینی عدالت کو اتنا آسان کیوں لیتے ہیں؟ فیصل واؤڈا کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے عدالت نے فیصل وائوڈاکو جواب کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

ای پیپر دی نیشن