لاہور( خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ہم مزدوروں، کسانوں اور غریب کے حقوق کے تحفظ کیلئے حکومت کے خلاف تحریک جلد چلائیں گے۔ وزیر اعظم خود کہتے تھے کہ جب روپیہ کی قدر گرجائے اور مہنگائی بڑھ جائے تو آپ سمجھ جائیں کہ اس حکومت نے چوری کی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں اس وقت بدترین معاشی حالات ہیں۔ ڈالر کو پر لگ گئے ہیں اور روپیہ کاغذ کا بے وقعت ٹکڑا بن کر رہ گیا ہے۔ بے روزگاری میں بدترین اضافہ ہوا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے دو سالوں میں 15لاکھ لوگوں سے روزگار چھین لیا۔ کاروبار ختم ہوکر رہ گیا ہے۔ لاکھوں چھوٹے صنعتی یونٹ بند ہوگئے ہیں۔ وی آئی پی کلچرختم کرنے کے دعویداروں نے اس میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ ملکی حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ حکو مت کے خلاف باہر نکلا جائے۔ عوام کو منظم کیا جائے اور اس سے پہلے کہ حکمران ہر چیز ملیامیٹ کردیں ان سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمر گرہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ یعقوب خان اور سابق رکن صوبائی اسمبلی اعزاز الملک افکاری بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے 29بل اور 31آرڈیننس پاس کئے جن میں 12بل صرف ایف اے ٹی ایف اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر پاس کرکے قوم کودوبارہ ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرز پر غلامی کی زنجیریں پہنادی ہیں۔ وزیر اعظم کہتے تھے کہ ہم بیرونی دوروں کیلئے سپیشل جہاز استعمال نہیں کریں گے اور عام فلائٹ پر سفر کریں گے مگر اب حکمران جہاں بھی جاتے ہیں سپیشل فلائٹ پر جاتے ہیں۔ بی آر ٹی جیسے نامکمل منصوبے کا افتتاح بھی خود وزیر اعظم نے کیا۔ سی پیک کے حوالے سے وفاقی حکومت نے مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کے ساتھ جو وعدہ کیا تھا اس سے انحراف کیا گیا۔ علاقے کے عوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت وعدے کے مطابق شندور سے لیکر چکدرہ تک سی پیک کا روٹ دے۔ وفاقی وزیر شیریں مزاری کہتی ہیں کہ وزارت خارجہ کی ناکامی کی وجہ سے وزیر اعظم کے کشمیر پر بیانیے کو نقصان ہوا۔ تعلیمی نظام کو اس حکومت نے تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ اسرائیل کے حوالے سے ہماری قومی و ریاستی پالیسی بڑی واضح ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے لبنان کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور پاکستان میں لبنان کے سفیر وازکان کولکیان سے ملاقات کی اور بیروت سانحہ میں ہونے والے دھماکوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت کیلئے دعا کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ سراج الحق نے کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ اور بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کے حوالے سے بھی لبنانی سفیر کو آگاہ کیا اور اس پر عالمی برادری میں آواز اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
لبنانی سفارتخانے کا دورہ‘ جلد حکومت مخالف تحریک چلائیں گے: سراج الحق
Aug 21, 2020