اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے فلسطینی سفیر کی گاڑی ضبطگی کیلئے جاری ایف بی آر کا شوکاز نوٹس معطل کرتے ہوئے کلیکٹر کسٹم کوآئندہ سماعت تک فلسطینی سفیر کے خلاف کارروائی کو روکنے اور درخواست گزار کی گاڑی واپس کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ گذشتہ روز فلسطینی سفیر احمد جواد ربیعی کی درخواست پر سماعت کے دوران ان کے وکیل سکندر نعیم قاضی نے کہاکہ ایف بی آر نے گاڑی کی فروخت کے حوالے سے4اگست کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا،سفارتی عملے کو ویانا کنونشن کے تحت خصوصی استثنیٰ حاصل ہے۔ عدالت نے سیکرٹری خارجہ، ایف بی آر اور کلیکٹر کسٹم کوجواب کیلئے نوٹس جاری کرکے کیس کی سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔