لاہور(کامرس رپورٹر +نمائندہ خصوصی) آئی جی پنجاب شعیب دستگیر اور صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان اقبال شیخ نے لاہور چیمبر میںسٹیٹ آف دی آرٹ 'پولیس خدمت مرکز'کا افتتاح کردیا جہاں لاہور چیمبر کے ممبران کو چودہ سے زائد سروسز مہیا کی جائیں گی۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر ، نائب صدر زاہد جاوید، سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید ، چیف ٹریفک آفیسر سید حماد عابد، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان، ایس ایس پی سکیورٹیز فیصل شہزاد، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران ذیشان سہیل ملک، ارشد خان، شیخ سجاد افضل، حاجی آصف سحر، حارث عتیق سمیت تاجر برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ لاہور چیمبر میں خدمت مرکز کا قیام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لاہور چیمبر اور محکمہ پولیس دونوں تاجر برادری کی خدمت کے لیے پْر عزم ہیں۔ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں کیلئے پرامن اور سازگار ماحول فراہم کرنا پنجاب پولیس کے اولین فرائض میں شامل ہے اور اس سلسلے میں بزنس کمیونٹی اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے امن و امان کی صورت حال کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کا سلسلہ جاری ہے تاکہ معیشت کا پہیہ رواں دواں رکھنے میں کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے پولیس اپنا موثر کردار ادا کرتی رہے۔ نہایت اطمینان و مسرت کی بات ہے کہ یہ خدمت مرکز صرف کاروباری افراد کے لئے ہی نہیں بلکہ عام شہری بھی اس سے مستفید ہو سکتے ہیں۔استبنول پولیس کے زیر استعمال ایک تہائی گاڑیاں ترکی کی بزنس کمیونٹی کی فراہم کردہ ہیں ہمیں گاڑیاں نہیں صرف یہ رویہ ہی مل جائے تو نہ صرف پولیس کارکردگی بہتر سے بہتر ہو گی بلکہ ریاست بھی مضبوط ہو گی۔لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کا جذبہ خدمت قابل تقلید ہے۔تاجر برادری پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔