سابق اسٹار محمد یوسف، عبدالرزاق کی بطور کوچ کرکٹ میں واپسی

Aug 21, 2020

`راچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائی پرفارمنس سینٹر اور ایسوسی ایشنز کے کوچز کی تقرریوں کا اعلان کر دیا۔ سابق کپتان اور اسٹار بلے باز محمد یوسف کو ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ کوچ تعینات کر دیا ہے۔سابق کرکٹرز عتیق الزمان ہائی پرفارمنس سینٹر میں فیلڈنگ و وکٹ کیپنگ جب کہ سابق فاسٹ بولر محمد زاہد فاسٹ بولنگ کوچ ہوں گے۔پی سی بی کے مطابق نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بھی چند تبدیلیاں کی گئی ہیں، منصور رانا کو قومی ٹیم کا مینیجر اور عبد المجید کو فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے جب کہ محسن کمال کو ریلیز کر دیا گیا ہے۔کرکٹ بورڈ نے عبدالرزاق، اعزاز چیمہ، باسط علی اور فیصل اقبال کو بھی ایسوسی ایشنز کا کوچ مقرر کیا ہے جب کہ غلا م علی، ہمایوں فرحت، عرفان فاضل اور ظفر اقبال کی بھی تقرریاں کر دی ہیں۔عبد الرزاق خیبر پختونخوا اور باسط علی سندھ کے کوچ ہوں گے، فیصل اقبال بلوچستان اور شاہد انور سینٹرل پنجاب کی کوچنگ کریں گے۔کرکٹ بورڈ اعلامیے کے مطابق صوبائی ایسوسی ایشنز کے کوچز مصباح الحق کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن 6 کے لیے 36 کوچز کا بھی اعلان کیا ہے۔عبدالرحمان، اکرم رضا، بلال احمد اور فہد اکرم، حسین کھوسہ، اقبال امام، کامران خان اور مظہر دیناری کے معاہدوں میں توسیع کر دی گئی ہے۔محمد مسرور، محمد وسیم، رفعت اللہ مہمند اور سمیع اللہ نیازی کے معاہدوں میں بھی توسیع ہو گئی ہے۔ارشد خان، راج ہنس، اعجاز جونئیر اور نوید انجم کے معاہدوں میں توسیع نہیں کی گئی جب کہ کبیر خان، ساجد شاہ، منظور الہی، طاہر محمود، اعظم خان، توصیف احمد، شوکت مرزا اور جاوید حیات بھی معاہدہ نہ پا سکے۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان نے تمام کوچز کو خوش آمدید کہا جب کہ ہائی پرفارمنس سینٹر کے ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ کوچز کی تعیناتی 360 ڈگری سے کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کی گئی، نئی تقرریوں سے کرکٹ کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

مزیدخبریں