پشاور(یواین پی)پی سی بی کی جائزہ کمیٹی نے پی ایس ایل سیزن سکس کے میچوں کیلئے پشاور کے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ذرائع کے مطابق ارد گرد موجود بلند عمارتوں کو سکیورٹی کیلئے خطرہ قرار دے دیا گیا ہے۔اس وینیو کا انتخاب ارباب نیازسٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل نہ ہونے کے پیش نظر کیا گیا تھا مگر پی سی بی کے ڈائریکٹر آف کرکٹ ذاکر خان کے علاوہ جائزہ کمیٹی کے دیگر ارکان نے سٹیڈیم میں انٹرنیشنل معیار کی سہولیات کے فقدان اور سکیورٹی معاملات پر تحفظات ظاہر کر دیئے اگرچہ صوبائی حکومت کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ تحفظات قبل ازوقت ہیں۔