لاہور( کامرس رپورٹر) لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے رائٹ ٹو انفارمیشن کے رولز 14 کے تحت ایف بی آر سے تمام افسران اورملازمین کی تفصیلات مانگ لیں۔اس سے قبل لاہور ٹیکس بار نے ایف بی آر سے ورکر ز ویلفیئرفنڈ کی تفصیلات مانگی تھیں جوکہ ایف بی آر نے مہیا نہیں کی تھیں اوریہ معاملہ پاکستان انفارمیشن کمشن میں چلا گیا۔لاہور ٹیکس بارایسوسی ایشن کے صدر جمیل اختر بیگ نے بار ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نظام میں بہتری اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،لاہور ٹیکس بار ایشیا ء کی سب سے بڑی بار ہے جس کے ممبران کی تعداد 5 ہزار سے زیادہ ہے ،ایف بی آر کے افسر اور ملازمین کی تفصیلات ٹیکس بار کے پاس موجود ہونی چاہئیں۔انہوںنے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے لیے انصاف کی فراہمی یقینی بنانے جا رہے ہیں ،ٹیکس بار زاور چیمبرز ٹیکس اہداف اور ٹیکس بیس کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے کوئی پذیرائی نہیں مل رہی۔
لاہور ٹیکس بار نے ایف بی آر سے تمام افسر اورملازمین کی تفصیلات مانگ لیں
Aug 21, 2021