گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ 50 ہزار پودے لگانے کا ریکارڈ کسی ایک شخص‘ افسر اور ادارے کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا ریکارڈ ہے جس کی حفاظت بھی ہم سب کاقومی اور اخلاقی فرض ہے۔ ہم سب کو قومی جذبے کے ساتھ ان پودوں کی دیکھ بھال اور آبیاری میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر ان پودوں کو پروان چڑھانے کیلئے ذمہ داری اور اخلاص کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ مثبت اورتعمیری تنقید بجا لیکن ملکی مفاد کے پیش نظر ہم سب کو اپنے اس قومی اور عوامی ریکارڈکوبچانے اور پروان چڑھانے کیلئے انتظامیہ کا دست و بازو بن کر مدد بھی کرنا ہوگی۔ کمشنر نے کہا کہ ڈویژن بھر سے وسائل منگوا کر ان پودوں کی آبیاری اور حفاظت کی جائے گی اور صوبائی حکومت کو بھی اس سلسلہ میں بھرپور وسائل کی فراہمی کیلئے درخواست کردی گئی ۔ کمشنر نے ان خیالات کا اظہار میڈیا میں پودوں کے مرجھانے کے حوالہ سے چلنے والی رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے خود موقع پر جاکر پودوں کے معائنہ کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد سہیل خواجہ‘ ڈائریکٹر پی ایچ اے شاہد عباس جوتہ‘ اے سی سٹی کامران حسین‘ اے سی جی تنویر یاسین‘ پرنسپل کیو ڈی پی ایس ساجد جمال خان اوردیگر افسران اور سول سوسائٹی کے معززین بھی اس موقع پر موجود تھے۔