گوادر:چینی شہریوں کے قافلے پر خود کش حملہ،ایک زخمی،قریب کھیلتے2بچے جاں بحق

Aug 21, 2021

اسلام آباد‘ کوئٹہ (نیوز رپورٹر+خبر نگار خصوصی+ بیورو رپورٹ) وزارت داخلہ کے مطابق گوادر میں چینی شہریوں کے قافلے پر حملہ ہوا ہے، جس میں ایک شہری زخمی ہوگیا ہے جبکہ واقعہ کی جگہ پر کھیلنے والے دو بچے جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔ وزارت داخلہ کے مطابق چار  گاڑیوں پر مشتمل قافلے کو فشر کالونی کے نزدیک کوسٹل روڈ پر نشانہ بنایا گیا۔ وزارت داخلہ کے مطابق چینی باشندوں کے قافلے کو پاک فوج اور پولیس کی نگرانی میں لے جایا جارہا تھا۔ چینی گاڑیاں جیسے ہی فشر کالونی پہنچیں ایک نوجوان بھاگتا ہوا وہاں سے نکلا۔ پاک فوج کے سادہ کپڑوں میں جوانوں نے لڑکے کو روکا جس پر  نوجوان نے قافلے سے 15 ، 20 میٹر دور خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ واقعے میں ایک چینی باشندہ زخمی ہوا جس کی حالت بہتر ہے، زخمی چینی باشندے کو قریبی گوادر ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ بدقسمتی سے واقعہ کی جگہ پر کھیلنے والے دو بچے جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ترقی کے سفر میں چینی بھائیوں کے قیام کو یقینی بنانے کا عزم کئے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک دشمن کی کارروائیوں کو مل کر شکست دیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ گوادر میں حملہ پاک چین معاشی وژن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ دشمن ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتا۔ مجرموں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔

مزیدخبریں