اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی ایئر لائن پی آئی اے کی افغانستان سے مسافروں کی واپسی کیلئے خصوصی پروازیں جاری ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا نے بھی قومی ائیر لائن کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ افغانستان میں ہنگامی صورت حال کے پیش نظر پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے کئی عالمی تنظیموں اور مختلف ممالک کے شہریوں کو لایا جا رہا ہے۔ افغانستان میں تعینات پاکستان کے سفیر منصور احمد خان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پاکستانی سفارتخانے نے اس کیلئے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ عالمی میڈیا نے پی آئی اے کی خدمات کو سراہا ہے۔ پی آئی اے نے امریکا، جرمنی، کینیڈا، جاپان، ہالینڈ اور فلپائن کے شہریوں کو کابل سے نکالا۔ عرب اخبار گلف نیوز نے پی آئی اے کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ائیر لائن نے کابل سے گیارہ سو افراد کو اپنی پروازو ں کے ذریعے نکالا، جس میں سے زیادہ تر پاکستانی نہیں تھے۔ کابل سے 9 سو سفارت کاروں، صحافیوں، عالمی تنظیموں کے کارکنوں نے پی آئی اے کی سفری سہولت سے فائدہ اٹھایا۔ اخبار نے پاکستان کی آن آرائیول ویزا پالیسی کو بھی سراہا ہے۔ سی ای او ارشد ملک عملے کی حوصلہ افزائی کیلئے خود کابل روانہ ہو گئے۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ افغانستان کے دوسرے شہروں سے پروازیں چلانے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب پی آئی اے نے کابل میں پاکستانی سفارتخانہ اور مقامی حکام کے تعاون سے جمعہ کو مزید 2 پروازوں کے ذریعے 390مسافروں کو کابل سے اسلام آباد پہنچایا۔ افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور خان نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید پروازوں کے ذریعہ لوگوں کو منتقل کیا جائے گا۔ مسافروں کو پاکستانی سفارت خانہ کے کمپاؤنڈ سے بحفاظت ائیرپورٹ تک پہنچانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ مختلف بین الاقوامی اورمقامی افغان کمپنیوں کے عملہ نے محفوظ انخلا میں معاونت اور سہولیات کی فراہمی پر پاکستان کی حکومت اور سفارت خانہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ منیر اکرم نے کہا ہے کہ کابل میں پاکستانی سفارتخانہ غیر ملکیوں کے انخلا میں مدد فراہم کر رہا ہے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اب تک امریکیوں سمیت 1100 سے زائد افراد کا انخلا کیا جاچکا ہے۔
کابل آپریشن: پی آئی اے مزید پروازیں چلائے گی‘ عالمی میڈیا نے سراہا
Aug 21, 2021