اسلام آباد(این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ الحمداللہ عاشورہ محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں امن و امان کی مجموعی صورت حال تسلی بخش رہی،وفاقی حکومت ،صوبائی حکومتوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی پولیس کو امن وامان برقرار رکھنے کے حوالے سے شاباش دیتا ہوں۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ مرکزی کنٹرول روم کے مطابق یوم عاشورکے کم وبیش تمام جلوس اختتام پذیر ہوچکے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ بہاولنگر میں ایک واقعہ پیش آیا؛ جس کی بھر پور مذمت کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ مجموعی امن او امان کیلئے پولیس،سول آرمڈ فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ سول آرمڈ فورسز اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی انتظامیہ کی مدد کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ راشد منہاس نے کم عمری میں ہی اپنی جان دیکر بہادری اور وطن سے محبت کی لازوال داستان بنا ڈالی۔ اپنے پیغام میں انہوںنے راشد منہاس شہید کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں کہاکہ ’’شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے‘‘،راشد منہاس نے کم عمری میں ہی اپنی جان دیکر بہادری اور وطن سے محبت کی لازوال داستان بنا ڈالی۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ نوجوان پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کو پوری قوم کا سلام ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں اپنے تمام شہیدوں پر فخر ہے کہ جن کی لازوال قربانیوں سے پاکستان قائم ہے۔
الحمدللہ عاشورہ محرم کے دوران امن وامان کی صورتحال بہتر رہی:شیخ رشید
Aug 21, 2021