محاصرے، تلاشی کاروائیاں جاری،فائرنگ سے مزید3کشمیری شہید

Aug 21, 2021

سرینگر (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر میں قابض فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے 3 کشمیری شہید کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی جس کے دوران خواتین کو ہراساں کیا گیا اور بزرگوں سے بدتمیزی کی گئی۔ اسی دوران قابض بھارتی فوج نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت خالد اور مصعب کے نام سے ہوئی ہے۔بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع راجوری میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے نوجوان کو ضلع کے علاقے تھنہ منڈی میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ ضلع راجوری میںایک حملے میں بھارتی فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ افسرسمیت دو فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع کے علاقے تھنہ منڈی میں جاری بھارتی فوجیوں کی تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران حملے میں ایک جے سی او سمیت دو بھارتی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیاہے ۔دوسری جانب بھارتی پولیس نے حریت رہنماء ظفر اکبربٹ اور ایک خاتون سمیت چار افراد کو ان کے خلاف درج ایک جھوٹے مقدمے میںگرفتار کرلیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر کے ہمراہ ظفر اکبربٹ ، فاطمہ شاہ ، محمد عبداللہ شاہ اور ایڈووکیٹ سبزار احمد شیخ چار افراد کو ان کے خلاف گزشتہ سال درج کئے گئے ایک مقدمہ میں گرفتار کرلیا۔ جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ اورامت اسلامی نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیں بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے جھوٹے الزامات کے تحت حریت رہنماء ظفر اکبربٹ اور دیگر کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سالویشن موومنٹ کے ترجمان نے مظفر آباد سے جاری ایک بیان میںکہاکہ بھارت کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے حریت رہنمائوںاور کارکنوںکو جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کر کے جیلوںمیں بند کر رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت حریت رہنمائوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے ان کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرر ہا ہے تاہم انہوںنے واضح کیاکہ گرفتاریوں اور قتل عام کے زریعے کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور نہیں کیاجاسکتا اور وہ دن زیادہ دور نہیں جب کشمیری بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے ۔

مزیدخبریں