پاکپتن (نمائندہ نوائے وقت) برصغیر کے عظیم بزرگ حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ کے عرس کی تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکپتن میں برصغیر پاک وہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ کے 779 ویں عرس کی تقریبات اپنے اختتام کو پہنچ گئیں۔ سجادہ نشین دربار دیوان مودود مسعود چشتی نے آخری روز مزار کو عرق گلاب سے غسل دے کر صندل بھرائی کی رسم ادا کی۔ شہداء کربلا کے سوگ میں درگاہ کا نوری دروازہ بھی چالیس روز کیلئے بند کردیا گیا۔ پندرہ روز عرس کی تقریبات کے دوران ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مندوں نے درگاہ پر حاضری کی سعادت حاصل کی۔ کرونا وباء کے باعث رواں برس عرس تقریبات کو محدود رکھا گیا تھا۔