لاہور(نیوزرپورٹر) تحریک انصاف لاہور اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں حصہ لینے والے پی ٹی آئی کے امیدواروں نے اپنے اپنے علاقوں میں نکالے جانے والے محرم کے جلوسوں اور مجالس میں شرکت کی۔امیدواورں عمر طالب، چوہدری شاہد اقبال، فیصل سعود بھٹی، جاوید ضمیر، بشارت علی، وقاص اسلم بھٹی، حافظ محمد ابرار، رانا شاہ جہاں، محمد امتیاز سندھو، راجہ شہزاد اور استاد رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہادت امام حسینؓ امت مسلمہ کے لئے ایک عظیم درس ہے، شہداء کربلاکے جذبہ ایثار قربانی اور غیر متزلزل ارادے پر عمل پیرا ہو کر تمام مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔پارلیمانی لیڈر سینٹ و صدر سنٹر ل پنجاب سینیٹر اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے تین سالوں میں تمام چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، وزیراعظم عمران خان کی کاوشوں سے ملک آج ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے، ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں پی ٹی آئی کی حکومت کی کارکردگی مثالی ہے۔ ان خیالات کااظہار پارٹی آفس میں اپوزیشن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ،چوہدری الیاس اور نعمان اللہ چٹھہ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بعدازاں اعجازاحمدچوہدری نے وفاقی وزیرحماد اظہر سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا۔