دنیا پر زور زبردستی کی حکمرانی نہیں چل سکتی: لیاقت بلوچ 

Aug 21, 2021

لاہور(خصوصی نامہ نگار )نائب امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے ملتان میں زکریا یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے مقتول کارکن کلیم سہو کے خاندان سے تعزیت اور مرکزی تربیت گاہ منصورہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا پر زور زبردستی کی حکمرانی نہیں چل سکتی، استعماری قوتوں کو انسانوں کے حقوق چھیننے کی ہر جگہ پر مظلوم عوام سزا دیں گے۔ انسانوں پر ظلم و جبر، ناانصافی اس قدر بڑھ گئی ہے جس کا علاج مظلوم عوام کا اتحاد ہے۔ میدان کربلا میں امام حسینؓ نے عظیم قربانیاں اپنی ذات، خاندان اور حسب ونسب کے لیے نہیں، قرآن و سنت کے نظام کے تحفظ کے لیے دیں۔ انسانوں پر انسانوں کی بالادستی کی بجائے اللہ کے دین کی حکمرانی قائم رہے۔ حق کے کارواں پر اس وقت کے یزید نے ظلم کیا اور رسوا ہوا۔ جدید دور کے یزید بھی ہمیشہ کے لیے رسوا ہوں گے۔لیاقت بلوچ نے مظفر گڑھ میں سابق ایم این اے جمشید دستی کے بڑے بھائی کے قتل پر تعزیت کی۔ اس موقع پر سیاسی کارکنان اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو سیاسی، اقتصادی اور اخلاقی بحرانوں سے نکالنے کے لیے سنجیدہ، عوامی اور غریب قیادت کو متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہو گا۔ جماعت اسلامی ملک و ملت سے مخلص لوگوں کے لیے بہترین لپیٹ فارم ہے۔

مزیدخبریں