کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرینگے:محمود الرشید

لاہور (سٹی رپورٹر) وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی شکل میں ایسا لیڈر موجود ہے جس کی سوچ کا محور ملک و قوم ہے۔ اسے اقتدار کا لالچ ہے نہ ہی سیاسی وراثت اسکا مطمع نظر ہے، ایسا لیڈر پہلے مل جاتا تو آج ملک کے حالات یکسر مختلف ہوتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف ایک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے صابر سبحانی، وقاص امجد اور ذیشان صدیقی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ آزاد کشمیر اور ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔ اب کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں لیڈر شپ کا بحران رہا، ملکی مفاد اور عوام کی بہتری کے بجائے ذاتی مفادات  پر توجہ دی گئی جس کے نتیجے میں ہر شعبہ زوال پذیر ہوا مگر اب پی ٹی آئی حکومت نے معیشت کی مضبوطی کیلئے عملی کام کیا ہے، کرنٹ اکاونٹ خسارے پر قابو پایا گیا ہے،  ایکسپورٹس اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے،کسان کارڈ کا اجراء اور اجناس کی بہتر قیمت سے کسان خوشحال ہوا ہے، عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے صحت انصاف کارڈ کا اجراء ایک انقلابی قدم ہے۔

ای پیپر دی نیشن