پولیس حراست سے شہری کی بازیابی کی درخواست پر وکلاء دلائل کیلئے عدالت طلب

Aug 21, 2021

لاہور( اپنے نامہ نگار سے)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیاء باجوہ نے پولیس حراست سے 35 سالہ اصغر کی بازیابی کی درخواست پر آئندہ سماعت پر وکلاء کو دلائل کیلئے طلب کرلیا،عدالت نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر سے استفسار کیا کہ آپ کو پولیس روزنامچہ میں جج کا نام لکھنے پر طلب کیا ہے،پولیس روزنامچہ میں جج کا نام کیوں لکھا گیا ؟ سی سی پی او لاہور نے جواب دیاغلطی سے جج کا نام روزنامچہ میں لکھا گیا آئندہ ایسا نہیں ہوگا،عدالت نے سی سی پی او لاہور کو ہدایت کی کہ آئندہ ایسی شکایت سامنے نہیں آنی چاہیے، عدالت کے روبرو عامر رفیق  نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے پرائیویٹ افراد کے ساتھ ڈیفنس سے اصغر کو اغواء کیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی پولیس پرائیویٹ افراد کے ساتھ اصغر کو لے جاتے دیکھی گئی، پولیس شہری اصغر کی گرفتاری سے انکاری ہے، استدعا ہے کہ عدالت شہری اصغر کی بازیابی کے لیے احکامات جاری کرے۔

مزیدخبریں