یوم عاشور پر داخلی و خارجی راستوں سمیت شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی

Aug 21, 2021

لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہورغلام محمودڈوگر نے یومِ عاشور کے موقع پر بہترین سکیورٹی و ٹریفک انتظامات پر لاہور پولیس کے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو شاباش دی جبکہ شہریوں کے تعاون اور علما کرام کے کردار کو سراہا ہے۔یوم عاشور پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ مجالس وعزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 12 ہزارسے زائدپولیس افسران واہلکارتعینات رہے۔ غلام محمود ڈوگر تمام دن فیلڈ میں موجود رہ کرسکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔نثار حویلی سے برآمد ہونیوالے شبہیہ ذوالجناح کے مرکزی جلوس کے روٹ پرآنے والی گلیوں کوخاردار تاریں، کنٹینرزاور بیئرئرزلگا کر مکمل طور پر سیل کیاگیا تھا۔جلوس کے شرکاء کو چاردرجاتی حصار پر مبنی فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی۔مرکزی جلوس کے روٹ میں آنے والی چھتوں پر سنائپرز تعینات تھے۔پولیس کیساتھ کمیونٹی رضاکار بھی شرکاء کی جامعہ تلاشی کے فرائض انجام دیتے رہے۔خواتین کی چیکنگ کیلئے لیڈیز پولیس اہلکار اوررضا کار تعینات تھے۔ ڈولفن سکواڈ، پی آریو، ایلیٹ فورس،اینٹی رائٹ فورس، مجاہد و ابابیل سکواڈز سمیت تھانوں کی گاڑیاں امام بارگاہوں اور عزاداری جلوسوں کے اطراف موثر پٹرولنگ کرتی دکھائی دیں۔سی سی پی او غلام محمودڈوگر نے صوبائی وزیر اسلم اقبال، کمشنر لاہور کے ہمراہ ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے لگائے گئے کیمروں کے  ذریعے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی گئی۔پولیس کی جانب سے جلوس کے شرکاء کو کرنا کی چوتھی لہر کے خطرات کے پیش نظر ماسک سمیت ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت بھی کی جاتی رہی۔ڈبل سواری پر پابندی اور مخصوص ایریاز میں موبائل سروس جزوی طور پر معطل رہی۔

مزیدخبریں