لاہور(سٹی رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں جمعہ کے روز پاکستان ایسوسی ایشن آف ڈینٹل سٹوڈنٹس کی پہلی سالانہ کانگریس کا آغاز ہوگیا جس میں ملک بھر کے ڈینٹل اداروں سے طلبہ اور ڈینٹسٹس شرکت کررہے ہیں۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے سالانہ کانگریس کا افتتاح کیا۔ کانگریس کے پہلے روز ڈینٹل سٹوڈنٹس نے پیشہ ورانہ اقدار کے فروغ کا عزم دہرایا۔ تین روز جاری رہنے والی سالانہ کانگریس میں کلینیکل ورکشاپس، ڈینٹل اولمپکس، کلینیکل ایکسچینج فئیر، ڈینٹل سٹارٹ اپس کمپیٹیشن اور کلچرل پروگرام شامل ہوں گے۔ کانگریس کے منتظمین سے اپنے خطاب میں پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ یونیورسٹی اپنے طلبہ میں صحت مند تعلیمی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ اچھا ڈاکٹر یا ڈینٹسٹ بننے کیلئے اچھا انسان بننا ضروری ہے جس کیلئے آپ کو رول ماڈل کی ضرورت ہوتی ہے۔ پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ ہمارے دانت ہماری صحت کے بارے میں بہت کچھ بتاتے ہیں۔ اس لیے ڈینٹسٹری کو میڈیکل سپشلٹی کا حصہ سمجھتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ بہترین طلبہ اپنے شوق سے ڈنٹسٹری کا پیشہ منتخب کرتے ہیں۔