لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے قومی سکواڈ کو حتمی شکل دینے کی تیاری کرلی، قومی ٹیم کی کپتانی شاداب خان کرینگے جبکہ بابر اعظم ‘ محمد رضوان ، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی آرام کرینگے۔ نئے کرکٹرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ امام الحق ، فخر زمان ، سرفراز احمد اور فہیم اشرف سکواڈ میں شامل ہونگے۔فاسٹ بائولر محمد وسیم جونیئر سکواڈ میں جگہ بنائیں گے، خوشدل شاہ کو بھی ِ موقع ملنے کا امکان جبکہ صہیب مقصود اور حارث سہیل کا سکواڈ میں جگہ بنانا مشکل ہے۔ تین ون ڈے کی سیریز پہلی ستمبر سے سری لنکا میں کھیلی جائیگی۔ نائب کپتان محمد رضوان نے کہا کہ مسلسل کھیلتے آرہے ہیں، آرام چاہیے، بائیو سیکورببل میں مشکل ہوتا ہے۔ ہم نے پہلا ٹیسٹ میچ بہت اچھا کھیلا۔ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پہلا ٹیسٹ ہارے، امید ہے کہ آگے اچھا کھیلیں گے۔ ہمارا فوکس ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پر ہے، کچھ کھلاڑیوں نے آرام لینے کیلئے کہا ہے۔ ٹیسٹ سیریز کو برابر کریں گے، یہ ٹیسٹ اہم ہے، فیلڈنگ میں کچھ ایشوز ہیں، حل کرنے کی کوشش جاری ہیں۔ کوشش کررہے ہیں کہ آئندہ ٹیسٹ میچز اس طرح ہاتھ سے نہ جائیں۔پاکستان افغانستان ون ڈے سیریز سے متعلق قومی ٹیم کے ون ڈے سکواڈ کا ٹریننگ کیمپ ملتوی کردیا گیا۔ ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ افغانستان بورڈ کی جانب سے سیریز کے شیڈول کے اعلان تک کیمپ موخر کیا گیا ہے۔