امریکا کے ادارے فیڈرل ٹریڈ کمیشن (ایف ٹی سی) نے سماجی رابطوں کی مشہور ویب سائٹ فیس بک حکام کیخلاف دوبارہ درخواست دائر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسے مجبور کیا جائے کہ وہ اپنے ملکیتی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز انسٹاگرام اور واٹس ایپ کو فروخت کر دے۔خبر رساں ادارے انڈیپینڈنٹ اردو کے مطابق درخواست میں کہا گیا ہے کہ فیس بک نے سوشل نیٹ ورکنگ پر اپنی اجارہ داری قائم کرکے دوسری کمپنیوں کے لیے مقابلہ کرنا مشکل بنا دیا ہے۔خیال رہے کہ فیس بک کیخلاف یہ نیا مقدمہ اس کے بڑھتے ہوئے حجم اور طاقت کے حوالے سے جاری جانچ پڑتال کے دوران سامنے آیا ہے۔ فیس بک نے اپنی ہر اس حریف کمپنی کو خریدا جو ترقی کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی تھی۔اس مقدمے میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی جانب سے 2008ء میں بھیجی گئی ایک ای میل کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ مقابلہ کرنے سے بہتر ہے کہ اپنی حریف کمپنی کو ہی خرید لیا جائے۔فیڈرل ٹریڈ کمیشن کے وکلا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیس بک نے اپنی حریف کمپنیوں کو اس وقت خریدا جب وہ اس قدر مشہور ہو گئی تھیں کہ وہ اس کے لیے خطرہ بن سکتی تھیں۔خیال رہے کہ فیس بک نے جن بڑی بڑی کمپنیوں کو خریدا ان میں واٹس ایپ اور انسٹاگرام بھی شامل ہیں، یہ دونوں کمپنیاں آج فیس بک کمپنی کا حصہ ہیں۔