امریکی جیل کارزویل میں قیدپاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی ساتھی قیدی کے حملے میں زخمی ہوگئیں۔، اس حوالے سے دفترخارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے تصدیق کردی ہے۔جاری بیا ن میں زاہد حفیظ چوہدری نے بتایا کہ خبر ملتے ہی ہمارے واشنگٹن میں سفارتخانے کے علاوہ ہاوسٹن میں قونصل جنرل نے فوری طور معاملہ متعلقہ امریکی حکام کے ساتھ اٹھایاجبکہ قونصل جنرل ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی خیریت دریافت کرنے جیل پہنچے، جیل انتظامیہ نے بتایا کہ عافیہ صدیقی پر جیل میں ایک قیدی نے حملہ کیا، عافیہ صدیقی کو گہرے زخم نہیں آئے اور ان کی حالت بھی خطرے سے باہر ہے۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پاکستان نے امریکا کے سامنے معاملہ اٹھایا ہے اور واقعے کی شفاف و جامع تحقیق کے لئے باضابطہ شکایت درج کرادی ہے، امریکی حکام سے کہا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے اور عافیہ صدیقی کی مناسب دیکھ بھال کی جائے، جب کہ پاکستانی سفارت خانہ بھی امریکی حکام سے رابطے میں ہے۔