لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں اور ارکان اسمبلی کے گھروں پر چھاپے اور وارنٹ گرفتاری کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی رابعہ فاروقی نے جمع کروائی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں اور ارکان اسمبلی کے گھروں پر چھاپے اور وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے صوبے کو پولیس سٹیٹ بنا دیا ہے۔ چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائی سے مرعوب نہیں ہوگی اور ظلم و زیادتی کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ مطالبہ کرتے ہیں کہ تحریک انصاف کی طرف سے صوبائی اداروں کو انتقامی کارروائیوں کیلئے استعمال کرنے کو فی الفور روکا جائے۔ ادارے آئینی اور قانونی حدود میں رہ کر کام کریں ورنہ ملک میں انتشار پھیلنے کا خدشہ ہے۔
رابعہ فاروقی نے (ن) لیگ کے رہنمائوں ارکان اسمبلی کے گھروں پر چھاپوں اور وارنٹ کے خلاف قرارداد جمع کرا دی
Aug 21, 2022