راولپنڈی‘ گلگت (اے پی پی+ آئی این پی) پاک فوج کے دستے سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچائو کے لئے ضروری ساز و سامان کے ساتھ کراچی اور اندرون سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں نے ضلع دادو، ٹھٹھہ، بدین اور جامشورو کے متاثرہ علاقوں میں ڈی واٹرنگ آپریشن اور راشن کی تقسیم شروع کر دی ہے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریزرو ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں۔ ادھر پاک آرمی کی جانب سے گورو جگلوٹ میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا۔ سیلاب متاثرین میں پاک فوج کے زیر انتظام کشمیر آرفنز ریلیف ٹرسٹ کی طرف سے امدادی سامان کی پیکجز تقسیم کئے گئے۔ لوگوں نے میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔
سیلاب: فوجی دستے امدادی کارروائیوں کیلئے کراچی‘ اندرون سندھ پہنچ گئے
Aug 21, 2022