عمر کوٹ میں اسپتال کی عمارت مخدوش‘ بڑے نقصان کا خدشہ

Aug 21, 2022


عمرکوٹ(نامہ گار  ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے رین ایمرجنسی کے سلسلے میں ضلع عمرکوٹ اور میرپورخاص کے لیے رین ایمرجنسی کے لیے مقرر کئے گئے فوکل پرسن صوبائی وزیر تعلیم، ثقافت و سیاحت سندھ سید سردار علی شاہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال عمرکوٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ کمشنر میرپورخاص ڈویژن سید اعجاز علی شاہ، ایم پی اے سید امیر علی شاہ، ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ طاہر علی میمن، ضلع کونسل کے ممبر سید سرفراز علی شاہ، سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی عمرکوٹ خالد سراج سومرو، ڈی ایچ او عمرکوٹ، ایم ایس سول ہسپتال، ایریگیشن، پبلک ہیلتھ، میونسپل اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران تھے، اس موقع پر انہوں نے سول ہسپتال کے ایمرجنسی شعبے، وارڈوں، لیبارٹری اور دیگر شعبوں کا جائزہ لیا اور مریضوں سے بات چیت بھی کی، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال عمرکوٹ کی بلڈنگ بارش کے پانی کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے اور کسی بھی وقت بڑا نقصان ہو سکتا ہے اس لیے اس ہسپتال کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو کی نئی بلڈنگ میں منتقل کیا جائے۔ ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ ان کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے لوگوں میں گیسٹرو اور دیگر بیماریوں کا خطرہ ہے لہٰذا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی نئی عمارت میں فوری طور پر زیادہ سے زیادہ بیڈز لگائے جائیں اور لوگوں کو علاج معالج کی سہولیات فراہم کی جائیں، انہوں نے ڈی ایچ او عمرکوٹ اور ایم ایس سول ہسپتال عمرکوٹ کو ہدایت کی کہ جن ڈاکٹرز کا تعلق ضلع عمرکوٹ سے ہے اور وہ ضلع تھرپارکر میں ڈیوٹی کر رہے ہیں ان کی عمرکوٹ میں تقرری کے لیے سیکرٹری صحت کو لکھیں تاکہ انہیں عمرکوٹ میں تعینات کیا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مریضوں کو خوراک اور ادویات بھی فراہم کی جائیں۔
عمر کوٹ/عمارت مخدوش
متاثرین بارش کی امداد کیلئے فنڈز فراہم
خیرپور(بیورورپورٹ)مشیر زراعت سندھ اور خیرپور رین ایمرجنسی کے نگراں منظوووسان نے ڈی سی خیرپور اور آبپاشی عملے کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع خیرپور کے سیم نالے فیضل مہر اور دیگر علاقوں میں فوری مشینیں بھیج کر اوور فلو بند کیا جائے۔ منظوروسان نے کہا کہ محکمہ زراعت کے افسران کو بھی سیم نالے اورمتاثرہ علاقوں میں بلڈوزر بھیج کر اوور فلو بند کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں. انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کرکے ان کو ہدایات کی کہ ضلع خیرپور کے متاثرہ علاقوں میں ٹینٹ،مچھردانیاں اور راشن کا سامان فوری طور پر بھیجا جائے اور متاثرین کی مدد کی جائے۔ منظوروسان نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو متاثرین کی مدد کےلئے سندھ حکومت نے فنڈز جاری کردئیے ہیں، ضلع خیرپور میں بارشوں سے فصلوں اوراملاک کوشدیدنقصان پہنچا ہے، پارٹی قیادت نے صوبائی کابینہ اور منتخب نمائندوں کو اپنے حلقوں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ منظوروسان نے کہا کہ سندھ حکومت نے بارش متاثرین کی مدد کے لئے تمام ڈی سیز کو مزید 5 کروڑ روپے جاری کردئیے ہیں۔
منظور وسان 

مزیدخبریں