سا نس بحال نہ ہونے کی شکایت ، شہباز گل کیلئے نیا میڈیکل بورڈبنے گا 

Aug 21, 2022


اسلام آباد (خبر نگار+ خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم عمران احمد نیازی کے چیف آف سٹاف شہباز گل کے علاج معالجے کیلئے نیا میڈیکل بورڈ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چار رکنی میڈیکل بورڈ پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز پر مشتمل ہو گا۔ میڈیسن، جنرل سرجری، پلمانولوجی، میڈیکل آئی سی یو کے ڈاکٹرز بورڈ میں شامل ہونگے۔ ذرائع کے مطابق ایسوسی ایٹ پروفیسر میڈیسن شفاعت رسول میڈیکل بورڈ کی سربراہ جنرل سرجن عاطف انعام شامی، پلمانولوجسٹ ڈاکٹر ضیاء بورڈ میں شامل میڈیکل آئی سی یو کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سلمان بورڈ میں شامل ہیں۔ چار رکنی بورڈ شہباز گل کا علاج معالجہ اور میڈیکل رپورٹ تیار کرے گا۔ ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ کی جانب سے شہباز گل کا ایک اور ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہباز گل نے گزشتہ رات بھی سانس لینے کی دشواری کی شکایت کی۔ ذرائع کے مطابق پمز میڈیکل بورڈ نے شہباز گل کی سی ٹی پلمونری انجیوگرافی کا فیصلہ کیا ہے۔ شہباز گل کے تمام ٹیسٹ نارمل آنے کے باوجود سانس میں تکلیف ہے۔ سی ٹی پی اے کی تشخیص کے بعد فیصلہ ہوگا۔ دواؤں میں کیا ردوبدل کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق عدالت سے پمز منتقلی سے ابتک شہباز گل کی صحت کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ بغاوت کے مقدمہ میں گرفتار شہباز گل کی مزید جسمانی ریمانڈ کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت درخواست میں پراسیکیوشن کی جانب سے میڈیکل رپورٹ سمیت اضافی دستاویزات جمع کرا دی گئیں۔ بغاوت کے مقدمہ میں گرفتار شہباز گل کی پولیس کو مزید جسمانی ریمانڈ دینے کے خلاف درخواست 22 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہے۔ شہباز گل کے وکلاء نے جسمانی ریمانڈ کے دوران تشدد کا نشانہ بنانے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمشن کی تشکیل دینے کی متفرق درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔ 

مزیدخبریں