اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ملعون سلمان رشدی سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کی ہے۔ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پیج پر چیئرمین تحریک انصاف کا ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں عمران خان کا کہنا ہے برطانوی اخبار دی گارجین نے سلمان رشدی سے متعلق ان کی گفتگو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کی۔ عمران خان نے کہا انہوں نے بھارت میں ملعون سلمان رشدی کو مدعو کرنے پر سیمینار میں شرکت سے انکار کیا تھا۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ انٹرویو میں انہوں نے گستاخ رسولؐ کو سزا دینے کے اسلامی طریقہ کار کی وضاحت کی۔ سانحہ سیالکوٹ کا حوالہ دیا اور اسی تناظر میں سلمان رشدی کی بات کی تھی۔عمران خان نے کہا کہ میں عاشق رسولﷺ ہوں نبیﷺ سے محبت تک ایمان مکمل نہیں ہوتا، سلمان رشدی سے زیادہ غلیظ انسان کوئی نہیں وہ فتنہ ہے، میں نے اپنے انٹرویو میں سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل کے واقعے کا حوالہ دیا تھا کہ کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے کہ قانون ہاتھ میں لے کر کسی کو بھی قتل کر دے، سیالکوٹ واقعے پر پاکستان کو جس طرح عالمی سطح پر اجاگر کیا گیا وہ افسوسناک تھا۔