سپیشل اکنامک زونز قائم ، تاجروں ، صنعت کا روں کو مزید سہولتیں دیں گے:پرویز الہی 


 لاہور (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ تاجرو ں اور صنعتکاروں کو تمام تر ممکنہ سہولتیں دیں گے۔ گجرات انڈسٹریل اسٹیٹ پر کام تیزی سے جاری ہے۔ معروف صنعتکار عدنان سیٹھی کی رہائش گاہ پر تاجروں، صنعت کاروں اور معززین علاقہ سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہماری حکومت نے آتے ہی تاجروں کیلئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کی ہیں۔ کاروبار کے اوقات کار کی پابندی کو پورے صوبے میں ختم کیا اور کاروباری مراکز اور مارکیٹیں پورے ہفتے کھولنے کی اجازت دی۔تاجروں اور صنعتکاروں کے لئے صوبے میں مزید سہولتیں فراہم کریں گے۔صوبے میں سٹیٹ آف آرٹ سپیشل اکنامک زونز بنائے جائیں گے۔تاجر برادری اور صنعتکاروں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔ عوام کے دیرینہ مطالبے پر گجرات کو باقاعدہ ڈویژن کا درجہ دیا۔ کنجاہ اور جلالپور جٹاں کو تحصیل بنا ئیں گے۔ صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کا بہترین نظام لائیں گے۔ گجرات میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بنائی جائے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقامی تاجروں اور صنعت کاروں نے کہا کہ گجرات کو ڈویژن بنانا آپ کا تاریخ ساز اقدام ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے پائلٹ راشد منہاس شہید کے 51 ویں یوم شہادت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ راشد منہاس نے اپنی جان مادر وطن پر قربان کر دی‘ لیکن ملکی وقار پر آنچ تک نہیں آنے دی۔ شہید کی موت قوم کیلئے حیات کی نوید ہے۔ راشد منہاس شہید ہر نسل کیلئے مشعل راہ ہیں۔

ای پیپر دی نیشن