اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے شہباز گل کی پمز ہسپتال کے کمرے کی تازہ ترین ویڈیو جاری کر دی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا تین دن سے بغیر تحقیقات کے پروپیگنڈا چل رہا ہے اور شہبازگل کا نام لگا کر سوشل میڈیا اور میڈیا پر ویڈیوز چلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز گل کے خلاف ایک مقدمہ درج ہے اور پروپیگنڈا جاری ہے کہ جنسی تشدد ہوا، کیمرہ دیکھتے ہی پروپیگنڈا شروع ہو جاتا ہے، شہباز گل پر کوئی تشدد نہیں ہوا۔ شہباز گل سے منسوب سوشل میڈیا پر ویڈیو چکوال میں زیادتی کرنے والے شخص کی ہے۔ غلط ویڈیوز چلانا سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے اور سوشل میڈیا پر طوفانِ بدتمیزی جاری ہے۔ پی ٹی آئی کو عمران کے مائنڈ سیٹ کی حمایت حاصل ہے۔ پی ٹی آئی کا اصل مقصد کہانی کو بدل دینا ہے۔ کیا کسی نے تشدد کی اصل ویڈیوز دیکھی ہیں؟ وفاقی وزیر نے شہباز گل کی ہسپتال کے کمرے کی ویڈیو چلادی اور بتایا کہ شہباز گل کی یہ ویڈیو ایک گھنٹے پہلے کی ہے کہ وہ ٹھیک ٹھاک کھڑے باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازگل کتابیں پڑھ رہے ہیں، چہل قدمی اور پولیس سے گفتگو کر رہے ہیں، شہبازگل کا آکسیجن کا ماسک کہاں گیا؟ شہباز گل نے عمران خان کے فراہم کردہ سکرپٹ پر بیان دیا۔ شہباز گل پیشی کے وقت بیمار ہونے کا بہانہ بناتے ہیں، پروپیگنڈا عمران خان نے شروع کیا تھا پھر پوری پی ٹی آئی اس پر لگ گئی ہے۔ پی ٹی آئی کا اصل مقصد کہانی کو بدلنا ہے کیا کسی نے تشدد کی اصل ویڈیوز دیکھی ہیں؟ کہان کے تانے بانے عمران خان سے ملتے ہیں۔ شہباز گل ہسپتال میں تندرست ہیں کس بات پر ریلیاں نکال رہے ہیں۔ جنسی تشدد ہوتا تو میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں آ جاتا، آئینی حدوں سے تجاوز پر شہباز گل کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ شہباز گل کا آکسیجن ماسک اب کہاں تھا، جس کو مارا پیٹا گیا کیا ویڈیو میں وہ شخص ہے، ہٹے کٹے شہباز گل ویڈیو میں پولیس اہلکار کے ساتھ گفتگو کر رہے ہیں، کوئی شرم ہونی چاہئے۔
شہباز گل پر کوئی تشدد نہیں ہوا، پرا پیگنڈا کیا جا رہا ہے: مریم اورنگزیب
Aug 21, 2022