دکانداروں سے زیادہ ٹیکس وصولی، وزیر اعظم نے تحقیقات کا حکم دے دیا 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم نے بجلی کے بلوں کے ذریعے دکان داروں سے فکس ٹیکس کی وصولی معطل کر دی۔ ساتھ ہی انہوں نے ٹیکس وصولی کی شرح مقررہ حد سے زائد کرنے کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کے نرخ اور بلوں کے ذریعے فکسڈ سیلز ٹیکس کلیکشن کے معاملے پر لاہور میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، چیئرمین ایف بی آر، وفاقی سیکرٹریز توانائی اور خزانہ اور پٹرولیم کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے بجلی کے بلوں کے ذریعے فکسڈ سیلز ٹیکس کی وصولی کو فوری طور پر  معطل کر کے ٹیکس وصولی کے لیے نئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت  کر دی۔ شہباز شریف نے بجلی کے بلوں کے ذریعے دکان داروں پر فکسڈ سیلز ٹیکس کو متفقہ شرح سے زیادہ لاگو کرنے پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم نے خصوصی ہدایت کی کہ دکان داروں سے ٹیکس وصولی پر کوئی بھی فیصلہ کرتے ہوئے تاجروں کے نمائندگان کو مشاورت میں شامل کیا جائے۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں اور حکام کو فوری طور پر غریب طبقے کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی کا موثر طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت غریب طبقے کے مالی تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کے لیے کوشاں ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے پائلٹ راشد منہاس شہید کو ان کے اکیاون ویں یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ راشد منہاس شہید نشان حیدر حاصل کرنے والوں میں سب سے کم عمر تھے‘ وزیراعظم نے کہا کہ راشد منہاس کا اقدام جرات اور بہادری کا وہ کارنامہ ہے جو مادر وطن کے لئے ہماری فضائیہ کے افسروں کے بے لوث جذبہ حب الوطنی کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ راشد منہاس ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

ای پیپر دی نیشن