ملتان (سپیشل رپورٹر)صوبائی حلقہ 219 کے امیدوار ایم پی اے رانا اقبال سراج نے گذشتہ روز قائدحزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں عشائیہ تقریب منعقد کی۔ اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا سلیکٹڈ حکومت نے اپنے ساڑھے 3 سالہ دور میں ملک کا دیوالیہ کردیا، پی ڈی ایم اس کو سنبھالنے میں مصروف ہے اور سلیکٹڈ حکومت کا گند صاف کرنے میں وقت لگے گا مگر عوام کو اس کا ریلیف بھی ملے گا جو لوگ پہلے ہی اسمبلیوں میں نہیں آتے وہ آج کس منہ سے الیکشن لڑ رہے ہیں، عمران خان ایک ایسا فتنہ ہے جو ملک کو انتشار کی طرف لے جارہا ہے مگر پی ڈی ایم مضبوط ہے او اس انتشار پھیلانے والے کا انجام بھی برا ہوگا۔ رانا محمودالحسن نے کہا مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی خدمت کا بیڑہ اٹھایا ہے اور انشاء اللہ اب بھی پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے سید علی موسیٰ گیلانی کو کامیاب کرا کر اس عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، ۔ میزبان رانا اقبال سراج نے کہا پی ڈی ایم کے منتخب امیدوار علی موسیٰ گیلانی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے اور عوام کے ووٹ کو عزت دیں گے۔ تقریب سے ملک ذوالفقار ڈوگر، رانا مستقیم، رانا محسن غفار، رانا جمیل، رانا فاروق، رائے فاروق، چوہدری رفیق، رائو راشد و دیگر نے خطاب کیا۔