وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی جانب سے پاکستان کی عظیم گلوکارہ نیرہ نور کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے لکھا کہ نیرہ نور کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا، نیرہ نور پاکستان شو بز انڈسٹری کے افق کا ستارہ تھیں۔نیرہ نور کی وفات سے پاکستانی موسیقی کا ایک عہد تمام ہوا ہے۔ یہ خبر سن کر بے حد دکھ اور افسوس ہوا۔ سریلی آواز، گائیکی کا منفرد انداز اور عمدہ کلام کا انتخاب ناقابل فراموش ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
جاری کردہ ٹوئٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب لکھتی ہیں کہ نیرہ نور کی خوبصورت آواز میں شہرہ آفاق ملی نغمہ ”وطن کی مٹی گواہ رہنا“ آج بھی کانوں میں رس گھولتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیرہ نور ایک سادہ اور کم گو خاتون تھیں، ان کا ظاہری رکھ رکھائو سادگی کی اعلیٰ مثال تھا، انکے انتقال سے شوبز انڈسٹری میں پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔