اسلام آباد( این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا جمیل منج نے پارٹی کی سینئر مرکزی رہنما فریال تالپور سے زرداری ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ آئندہ عام انتخابات میں مشاورت سے مضبوط امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فریال تالپور نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت جماعت ہے ،اس کی آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوںمیں جڑیں ہیں ،ان شا اللہ آئندہ عام انتخابات میں پنجاب میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا فیصلہ ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں مضبوط امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے ،اس بار نوجوانوں کو بھی ٹکٹ دیں گے جو اسمبلیوں میں پہنچ کر نئے وژن کے مطابق ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔