کور کمانڈر لاہور کا قصور کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ‘ امدادی کارروائیوں کی ہدایت

لاہور (نیوز رپورٹر) قصور کے سیلاب زدگان اور متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی طرف سے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا اور ہر ممکن امدادی کارروائیوں کی ہدایات جاری کیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گنڈا سنگھ والا، دھپ سری، گھٹی کلنگر، اولاکے، جمعے والا، کمال پورہ، بکرکے، اور نجابت شامل ہیں۔ دن بھر ہزاروں افراد کو سیلاب سے نکالنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری رہا۔ پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں کشتیوں کے ذریعے امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہیں۔ اس کے علاوہ ہزاروں متاثرہ خاندانوں میں لگ بھگ 16 ٹن مفت راشن بھی تقسیم کیا گیا۔ راشن پیکس  میں آٹا، دال، چاول،  گھی اور دودھ سمیت ضروری اشیائے خوردونوش شامل ہیں۔ تلوار پل، ٹھٹھی بخشی اور نجابت کے مقامات پر راشن کی تقسیم‘ ساتھ ساتھ سیلاب زدگان کیلئے ضروری طبی امداد کا بھی خاطر خواہ انتظام کیا گیا۔ یہ امدادی کارروائیاں سیلاب کی صورتحال بہتر ہونے اور معمولات زندگی بحال ہونے تک جاری رہیں گی۔

ای پیپر دی نیشن