پاکستان کو امانتدار،دیانتدار،صالح انسانوں کی ضرورت ہے: راشد نسیم 

Aug 21, 2023

لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے جامع مسجد سید موددوی انسٹیویٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو امانتدار،دیانتدار،صالح انسانوں کی ضرورت ہے جو نہ بکتے ہوں اور نہ ڈرتے ہوں جن کو نہ دولت خرید سکتی ہو۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سابق ممبر وصوبائی اسمبلی سندھ سید عبد الرشید جن کو سابقہ پی ٹی آئی حکومت نے 7 کروڑ،پیپلز پارٹی نے 4 کروڑ کی پیشکش کی کہ سینیٹ کیلئے وہ ہمارے امیدوار کو ووٹ دیں لیکن اتنی بڑی پیشکش کے باوجود جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی کو خریدا نہیں جا سکا۔ ایسے ہی لوگ با الآخر ملک کی قسمت سنوار سکتے ہیں وگرنہ پچھلے 75 سالوں سے چہرے،جھنڈے،پارٹیاں بدل رہی ہیں لیکن اصل میں یہ ایک ہی گروہ ہے۔ چہرے بدل کر پارٹی بدل کر بظاہر ایک دوسرے کی مخالفت کرکے آگے آجاتے ہیں لیکن سب کے سب مل کر ملک کے ساتھ ظلم ڈھا رہے ہیں اورپاکستان کے سنہرے رنگ کوانہی لوگوں نے کلک زدہ کر دیا ہے۔ پاکستان کے با صلاحیت انسانوں کو کند کر کے رکھ دیا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے اب ایسے لوگوں کا پتہ صاف ہونا چاہیے یہ لوگ ملک کی ضرورت نہیں۔ جماعت اسلامی امانت داری،دیانت داری اور رسول اللہ کی فرما برداری کیلئے جد وجہد کر رہی ہے۔

مزیدخبریں