پی پی وفد کا دورہ جڑانوالہ‘ متاثرہ افراد سے ملاقات‘ گرجا گھر بھی گئے

Aug 21, 2023

جڑانوالہ‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ‘ نامہ نگار) پیپلز پارٹی کا وفد گزشتہ روز شیری رحمان کی قیادت میں جڑانوالہ پہنچا۔ وفد نے متاثرہ افراد سے ملاقات کی اور گرجا گھروں کا دورہ کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ جڑانوالہ کے مسیحی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آئے ہیں۔ جڑانوالہ میں جو ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی اقلیتوں کو برابر کا شہری سمجھتی ہے۔ اسلام بھی اقلیتوں کو مکمل حقوق فراہم کرتا ہے۔ جڑانوالہ میں مسیحی برادری پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما فیصل میر متاثرین سانحہ جڑانوالہ کے دکھ میں شریک ہونے کیلئے موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے مسیحی بھائیوں سے اظہار یک جہتی کیلئے متاثرہ چرچ کے باہر اتوار کی عبادت میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیصل میر نے کہا سانحہ جڑانوالہ پاکستان کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ ایک دن میں اتنی زیادہ عبادت گاہوں کو جلانے کا واقعہ پہلی مرتبہ ہوا۔ سیاسی و مذہبی جماعتیں مذہب کی بجائے امن، مساوات کی بنیاد پر ووٹ مانگیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو مسیحیوں کو بھی وزیر اعظم بنانے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

مزیدخبریں