واقعہ جڑانوالہ اسلامی تعلیمات کے منافی ہے، پیر حسان حسیب

Aug 21, 2023

راولپنڈی( اپنے سٹا ف رپو رٹر سے ) دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ واقعہ جڑانوالہ اسلامی تعلیمات کے منافی ہے اوراس کی جس قدر مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ دین متین اسلام قانون کو ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دیتا۔ مسیحی برادری کے چار گرجا گھروں اوررہائشی مکانات پر حملہ نہایت افسوس ناک ہے۔حضور نبی ِرحمت  ؐ نے غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اوراِن پر کسی بھی قسم کا حملہ کرنے سے منع فرمایا ہے۔ اِس واقع میں ملوث عناصر کے ذاتی مذموم مقاصد تو ہو سکتے ہیں لیکن ان کا دین ِمتین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔اِس واقع میں ملوث عناصر کو قانونی کے دائرے میں لانے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت وقت اپنا نا صرف کردار ادا کرے بلکہ وطن عزیز میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے بلا خوف و خطر اپنی عبادت گاہوں میں عبادات کرنے کو یقینی بنائے۔ دہشت گردو ں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں دین متین اسلام تمام مذاہب اور ان کے مقدسات کی تعظیم و تکریم کا حکم دیتا ہے۔ اِس نا زک وقت میں ہمیں چاہیے کہ اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق رکھیں اوروطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ اِن خیالات کا اِظہار انہوں نے گزشتہ روز شہنائی ہال، ہیوسٹن، امریکہ میں منعقدہ ایک عظیم الشان محفل میلادِ مصطفی  ؐ سے خطاب کے دوران کیا۔ جس میں کثیر تعداد میں سمندر پار بسنے والے پاکستانیوں نے شرکت کی۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے خصوصی دعا کی۔

مزیدخبریں