اسلام آباد (نا مہ نگار)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے پریس کانفرنس، جس میں مسیحی رہنما شاعر ادیب شہباز چوہان،ایڈوکیٹ روتھ رخسانہ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر یونائٹڈ کونسل آف چرچز اسلام آباد سیمسن سہیل،صدر مینارٹیز الائنس پاکستان آصف جان،بشپ آف پینٹ کوسٹل چرچ خالد پرویز سمیت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما شریک ہوئے۔سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مشکل اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم اپنے مسیحی ہم وطنوں کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ ایسی قبیح حرکت ہے کہ جس نے ہمارے وطن پر گہرا گھا لگایا ہے، دلخراش واقعے سے ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں، تمام پاکستانیوں کا اس ملک پر برابر کا حق ہے ، پاکستان کے پرچم میں سفید رنگ ہمارے تمام غیر مسلم بھائیوں کا ہے، ایک ایسا خونخوار جتھہ اور سوچ پروان چڑھ چکی ہے، جنہیں مکمل آزادی ہے کہ وہ جس پر چڑھ دوڑیں، جس کا خون بہائیں ، یہ اثاثے ہیں انکو استعمال کیا جاتا ہے، بائبل آسمانی کتابوں میں سے ہے، الہامی اور مقدس کتابوں کو جلایا گیا، جب تک ان انتہا پسندوں کے دانت نہیں توڑے جائیں گے یہ باز نہیں آئیں گے، یہ پھر استحکام پاکستان کے لیئے ریلیاں نکالتے ہیں، گھروں کو باقاعدہ لوٹا گیا اور پولیس یہ سب ہو جانے کے بعد پہنچتی ہے، اگر کسی پر الزام تھا تو اسے پکڑا جاتا، قانون کے مطابق کاروائی کی جاتی، نہ کہ تمام گھروں اور چرچز کو جلا دیا جائے، یہ یزیدی اسلام ہے جنہوں نے رسول اکرم ص کے گھر والوں کو نہیں چھوڑا اور انکے خیام کو آگ لگا دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ ریاست اور ریاستی ادارے کہاں ہیں، یہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان نہیں ہے، یہ تکفیریوں کا پاکستان بن چکا ہے، ان دہشت گردوں کو اس قدر طاقتور نہ بنا، یہ تمہیں بھی نگل جائیں گے، اس ظلم وبربریت کے حوالے سے مذمت بہت چھوٹا لفظ ہے۔