اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانہ میں یندی اور میوزیم کے تعاون سے ''چائنا ان فریمز :ایک فوٹو گرافک ٹریبیوٹ'' کے عنوان سے نمائش کا آغاز ہوگیا، نمائش ایک ماہ تک جاری رہے گی،تفصیلات کے مطابق اس نمائش میں سفیر معین الحق کی فوٹوگرافی کی نمائش کی گئی ہے جس میں چین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار دوستی کا جشن منایا گیا ہے۔ یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق افتتاحی تقریب میں سفیر جیانگ جیانگ، چینی عوام کی ایسوسی ایشن فار فرینڈشپس ود فارن کنٹریز (سی پی اے ایف ایف سی) کے نائب صدر، چین پاکستان فرینڈشپ کے صدر اور اقوام متحدہ کے سابق انڈر سیکرٹری جنرل شازو کانگ، چینی وزارت خارجہ میں ایشیائی امور محکمہ ڈپٹی ڈائریکٹر ژانگ ماومنگ، پیلس میوزیم کے ڈپٹی ڈائریکٹر وانگ یو گونگ کے علاوہ مختلف ممالک کے سفیروں، سفارت کاروں، سفارتی تنظیموں، میڈیا اور فن کے شائقین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر سفیر معین الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوموں اور ثقافتوں کے درمیان خلیج کو ختم کرنے میں یہ آرٹ طاقتور کردار ادا کرسکتا ہے۔یادوں کو امر کرنے،کسی جگہ اور اس کی ثقافت کی خوبصورتی اور رغبت کو حاصل کرنے اور مقصد کے حصول کیلئے فوٹوگرافی کی اہمیت نمایاں ہے۔ اس نمائش نے یہ تنیوں مقاصد حاصل کئے ہیں۔ چین میں یادوں کو محفوظ کرکے پیش کیا گیا جبکہ پاکستانی عوام کی چین کیلئے گہری محبت اور احترام کوبھی نمایاں کیا گیا جو سفارتکاری، معاشیات یا جغرافیہ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے چین میں اپنے تین سالہ دور پر خوشگوار تبصرہ کرتے ہوئے ان سے شرکا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے چین کی بھرپور اور متنوع ثقافت، اس کے دلکش مناظر، مشہور یادگاروں اور اس کی تاریخ میں بسنے والی لازوال داستانوں کی تعریف کی۔ اس موقع پر مقررین نے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی غیرمعمولی طاقت کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک گہرے تعلقات میں جڑے ہیں۔ باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور ممالک اورثقافتوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے میں اس طرح کے ثقافتی اقدامات اور نمائشوں کی ضرورت ہے۔ یہ نمائش 19 ستمبر 2023 تک جاری رہے گی جو پاکستان چین کے درمیان پائیدار دوستی کا ثبوت اور دونوں اقوام کو مضبوط کرنے والے گہرے رشتوں کی علامت ہے۔