اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ کے رکن ومسلم لیگ(ن)ٹریڈرزونگ اسلام آباد کے صدر جمشید اخترشیخ نے جڑانوالہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور چرچزکے جلانے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ جڑانوالہ فیصل آباد میں جوکچھ ہوا اس پر پاکستان میںبسنے والے تمام مذاہب کے لوگ غم زدہ ہیں، ہم اسکے ردعمل میں توہین مذہب کے ساتھ ساتھ مسیحیوں کے گھروں اور گرجاگھروںپر حملوں کی بھی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ یہ دونوں واقعات ایک بیمارذہنیت کی عکاسی کرتاہے۔انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے کہ اس صورتحال میں کوئی ملک دشمن فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے یا پھر ہم سے کوئی غلطی ہوجائے مزید تباہی پر قابوپانے کیلئے ضرورت اس امرکی ہے کہ ہم سب مل جل کر کام کریں اور ان مجرموں کی کسی بھی کوشش کوناکام بنانے کیلئے متحد ہوکر کام کریں جو مسیحی اور مسلم کمیونٹیز کے درمیان امن اور بھائی چارے کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔مسلم لیگی رہنما جمشید اخترشیخ نے مزید کہاکہ جشن آزادی میں مسلم و مسیح کو متحد دیکھ کرشرپسندعناصر نے انہیںآپس میں لڑانے کی سازش کی لیکن یہ ان کے تمام تخریبی سوچ ناکام رہے گی،مسیح برادری صبروتحمل کا مظاہرہ کرے۔
مسیحی کمیونٹی سے ہونیوالی زیادتی پر پوری قوم شرمندہ ہے،جمشیداخترشیخ
Aug 21, 2023