کراچی(نوائے وقت رپورٹ )پاکستان کے پہلے فائیو سٹار بیچ ریزارٹ کی لانچنگ کی شاندار تقریب کا پارک ویوسٹی کے زیر اہتمام انعقاد ہوا جس میں چیئرمین سینٹ آف پاکستان محمد صادق سنجرانی اور گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری مہمانان خصوصی تھے جبکہ ویژن گروپ کے چیئرمین عبدالعلیم خان پارک ویو سٹی اسلام آباد کے سی ای او میاں عمر فاروق منان، ڈائریکٹر سیلز فرید ذکا باجوہ اور فئیر ڈیل کے چیئرمین چوہدری عبدالرف کے علاوہ رئیل اسٹیٹ سے وابستہ اہم شخصیات بھی موجود تھیں جنہوں نے عالمی معیار کے حامل اس بیچ ریزارٹ کو چھٹیاں گزارنے کے لئے بہترین اور پر سکون مقام قرار دیا اور ویژن ڈویلپرز کی طرف سے اسے پارک ویو سٹی کی بڑی کامیابی قرار دیا۔ کراچی کے فائیو سٹار بیچ ریزارٹ کو رئیل اسٹیٹ کے منظر نامہ پر خوشگوار اضافہ سمجھا جا رہا ہے کیونکہ یہاں سرمایہ کاروں کو اپنے وطن عزیز میں مثالی سرمایہ کاری کا موقع فراہم ہوگا۔پارک ویو بیچ ریزارٹ اپنے محل وقوع کے اعتبار سے کراچی سے پچاس کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے جو بزنس کمیونٹی کے لئے پر کشش اور نادر موقع ہے جبکہ دوسری طر ف اس منصوبے سے دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری اور نئے بزنس شروع ہونے کا موقع ملے گا جس سے بالخصوص سیاحت کو فروغ حاصل ہو گا۔صادق سنجرانی اور کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ رئیل اسٹیٹ سے وابستہ ہر شخص پارک ویو کے اس اقدام کو سرا رہا ہے اور اس منصوبے سے ہمارے خطے میں ملک و قوم کے لئے نیک شگون شروع ہوں گے۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی کے لئے ہماری غیر متزلزل لگن کی علامت کے طور پر موجود ہے جو اس شعبے سے بے پناہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ ڈائریکٹر سیلز فرید ذکا باجوہ نے اس امید افزا پراجیکٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور سی ای او میاں عمر فاروق منان نے کراچی بیچ ریزارٹ کو رئیل اسٹیٹ کے شعبے کے لئے گیم چینجر قرار دیا۔اس موقع پر رنگا رنگ تقریب میں مختلف پروگرام پیش کئے گئے اور ویژن گروپ اور پارک ویو سٹی کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ .
کراچی میںپاکستان کے پہلے فائیو سٹار بیچ ریزارٹ کی لانچنگ تقریب
Aug 21, 2023